
ایس ڈی پی آئی کی غزہ میں اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں درج خلاف ورزیوں کی مذمت، ہندوستان سے آواز اٹھانے کا مطالبہ
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی حکام غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں مغربی کنارے میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم، بشمول زیر حراست افراد پر تشدد اور جنسی تشدد، کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 1967 کے بعد مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی سب سے بڑی بے دخلی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
یہ نتائج انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی ان خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ان کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
ایس ڈی پی آئی مطالبہ کرتی ہے کہ حکومتِ ہند انسانی حقوق کے تئیں اپنے اعلان کردہ عزم اور اقوام متحدہ کے ایک فعال رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت میں فوری طور پر ایک عوامی بیان جاری کرے۔ ہندوستان کو اقوام متحدہ میں اپنے سفارتی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے تشدد کے خاتمے اور انسانی حقوق و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کے احتساب کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
ایم۔ کے۔ فیضی،
قومی صدر
No Comments