جے پور میں وقف اور یکساں سول کوڈ پر مکالمے کے حوالے سے قومی سمپوزیم کا انعقاد

جے پور،
یکم اگست:
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے جے پور کے ہوٹل آرکو پیلس میں “آئینی حقوق کا تحفظ” کے موضوع کے تحت “وقف اور یکساں سول کوڈ پر مکالمہ” کے عنوان سے ایک قومی سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ اس سمپوزیم میں ملک کے مختلف حصوں سے مذہبی علماء، قانونی ماہرین، اراکین پارلیمنٹ، وکلاء، ماہرین تعلیم، صحافی، سیاسی رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندے اکٹھے ہوئے تاکہ وقف اور مجوزہ یکساں سول کوڈ کے آئینی، قانونی اور سماجی پہلوؤں پر غور و خوض کیا جا سکے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئینی حقوق کا تحفظ مشترکہ کوششوں کے ذریعے کیا جانا چاہیے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں بیداری پیدا کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی شمولیت پسندی اور سماجی ہم آہنگی کی منفرد اقدار کو نچلی سطح کے مختلف پروگراموں کے ذریعے فروغ دیا جائے اور مستحکم کیا جائے۔ سمپوزیم کی صدارت ایس ڈی پی ائی کے قومی صدر ایم کے فیضی نے کی۔ شرکاء میں سابق رکن پارلیمنٹ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے قومی نائب صدر مولانا عبید اللہ اعظمی؛ آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے قومی نائب صدر ظہیر عباس رضوی؛ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی نائب صدر مجتبیٰ فاروق؛ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل شاہد حسن؛ آستانہ عالیہ خواجہ غریب نواز کے گدی نشین سید سرور چشتی؛ سپریم کورٹ کے وکیل اور آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے قومی صدر فیروز احمد؛ سابق رکن اسمبلی امین الاسلام؛ فہد رحمانی؛ ملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی؛ ملت ٹائمز کے صحافی زبیر احمد؛ جمعیت علماء ہند کے ریاستی نائب صدر حافظ منظور علی خان؛ ایس ڈی پی ائی کے قومی نائب صدور محمد شفیع اور سیتارام کھوئیوال؛ ایس ڈی پی آئی مدھیہ پردیش کے ریاستی صدر ایڈووکیٹ ودیا راج مالویہ اور دیگر کئی ممتاز مہمان شامل تھے۔